نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کے لئے ملک کی آبی سرحدوں کی نگرانی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ نے راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ انٹیلی جینس معلومات کی روشنی میں دہشت گرد، خفیہ طور پر بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشت گرد مختلف راستوں، خاص طور سے آبی راستوں سے بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں۔انہوں نے کسی ملک کا نام لیے بغیر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پڑوسی ممالک حملوں کے لیے دہشت گردوں کی مدد کر رہے ہیں، درپیش خطرات کے پیش نظر ہمیں اپنی سرحدوں کی نگرانی، مزید سخت کرنا ہو گی تاکہ ملک کو سن دو ہزار آٹھ جیسے حملوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار آسام معاہدے پر موثر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی اس معاہدہ کے دفعہ 6کا پورا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات دے گی، کمیٹی کا ڈھانچہ اور اس کی شرطوں کے بارے میں دو تین دن میں مشتہر کر دیا جائے گا۔