اسلام آباد (سچ نیوز ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فلم سازوں کو ’بالا کوٹ‘ حملے پر فلم بنانے کے اعلان پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا خواب بولی وڈ فلم کے ذریعے ہی پورا ہو سکتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے انڈیا ٹوڈے کی خبر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی جانبازوں کی جانب سے گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی وہ بطور سپاہی عزت کرتے ہیں مگر بھارت کا جھوٹا خواب تو فلم کے ذریعے ہی پورا ہوسکتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہاکہ بالا کوٹ‘ حملے کے حوالے سے بھارتی وزیر نے خود اعتراف کیا کہ پاکستان کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور عالمی برادری کو بھی اس حملے کے نقصانات کے شواہد نہیں ملے۔میجر جنرل آصف غفور کے مطابق تاہم بھارت کا’بالا کوٹ‘ حملے کا سے خواب صرف بولی وڈ فلم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔