نئی دلی ( سچ نیوز) بھارت نے پاکستان اور چین کی سرحد پر اسلحہ ذخیرہ کرنے کیلئے 4 سرنگیں بنانے کی منظوری دے دی ۔بھارتی ٹی وی نیوز 18 کے مطابق بھارتی فوج اور نیشنل ہائیڈرو پاور جنریشن کمپنی (این ایچ پی سی) کے مابین 4سرنگوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پایا ہے جنہیں 2 سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ اسلحہ ذخیرہ کرنے کیلئے ایک سرنگ پاکستان، تین ہندوستان اور ایک چین کی سرحد پر بنائی جائے گی جن پر 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اسلحہ ذخیرہ کرنے کیلئے یہ سرنگیں پہاڑوں میں بنائی جائیں گی تاکہ کسی بھی قسم کے حملے سے اسلحے کو محفوظ رکھا جاسکے اور ہر موسم میں فوج کو اسلحے کی فراہمی جاری رکھی جاسکے۔ بھارتی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سرنگوں میں 175 سے 200 میٹرک ٹن تک گولہ بارود رکھنے کی صلاحیت ہوگی۔