نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی فضائیہ نے 33 نئے جنگی جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں مگ 29 اور سخوئی 30 شامل ہیں۔ یاد رہے کہ 27 فروری کو پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے 2 طیاروں کو نشانہ بنایا تھا جن میں ایک مگ 21 اور دوسرا سخوئی 30 تھا۔بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق انڈین ایئر فورس کی جانب سے وزارت دفاع کو 21 مگ 29 اور 12 سخوئی 30 طیاروں کی خریداری کا پرپوزل بھیجا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ایک ہائی پروفائل میٹنگ میں اس معاملے کو زیر بحث لایا جائے گا۔بھارت کے حکومتی ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ سخوئی 30 جہاز ان لڑاکا طیاروں کی جگہ خریدے جائیں گے جو گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مختلف حادثات میں تباہ ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران بھارت کے مختلف حادثات میں 8 کے قریب لڑاکا طیارے تباہ ہوچکے ہیں جن میں 27 فروری کا واقعہ بھی شامل ہے۔مگ 29 جہاز 1980 میں تیار کیے گئے تھے اور انڈیا ان کا سب سے پہلا خریدار تھا۔ روسی ساختہ ان طیاروں کو مزید اپ گریڈ کرنے کے بعد بھارت کو فروخت کیا جائے گا۔ان 21 نئے جہازوں کی وجہ سے جہاں انڈیا کا فضائی بیڑہ بڑا ہوگا وہیں اس کے ساتھ کچھ مسائل بھی پیدا ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ انڈین ایئر فورس پہلے سے جو مگ 29 طیارے استعمال کر رہی ہے ان کی پائلٹس کو مہارت حاصل ہے لیکن نئے طیارے اپ گریڈڈ ورژن ہوں گے اور بھارتی فضائیہ کے پائلٹس ان طیاروں کو اڑانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔