نئی دہلی(سچ نیوز) پڑوسی ملک بھارت نے سرحد پر اینٹی ٹینک میزائل سمیت دیگر میزائل نصب کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے داخلی مسائل کے دوران دشمن کی شرپسندی کی سازشیں سامنے آنے لگی ہیں، بھارت شر انگیزیوں کے لیے پھر سے پر تولنے لگا، سرحدوں پر غیرمعمولی نقل و حرکت بڑھا دی گئی ہے۔بھارت نے پاک انڈیا بارڈر پر براہموس اور اسپائک میزائل نصب کر دیے ہیں، جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا ہے۔وزیر خارجہ نے خط میں اقوام متحدہ کو باور کرایا ہے کہ بھارت ایل او سی پر نصب میزائل آزاد کشمیر پر استعمال کر سکتا ہے، بھارت نے ایل او سی کے پانچ سیکٹرز میں باڑ کو جزوی طور پر ہٹا دیا ہے۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارت جعلی بنیادوں پر کوئی فوجی آپریشن کر سکتا ہے، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے اگر ایل او سی پر کوئی حرکت کی تو پاکستان بھرپور، بر وقت اور مناسب جواب دے گا، بھارت کو 27 فروری کا دن یاد رکھنا چاہیے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا تھا کہ بھارت 47 لاکھ افراد انتہا پسند گروپ کی صورت میں تیار کر رہا ہے، ہندوستان نے جو جرائم کیے ہیں صدیوں تک ان کا جواب دینا پڑے گا، بھارت کی کوشش ہے کشمیر کے لوگ آپس میں لڑ پڑیں، ان کی کوشش ہے آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان کوئی تصادم ہو، لیکن ہم بھارت کی سازشوں کو کسی صورت کام یاب ہونے نہیں دیں گے۔