کھٹمنڈو (سچ نیوز) نیپال کی خاتون صحافی فرانسسکا مارینو نے دعویٰ کیا ہے کہ 26 فروری کو بھارتی دراندازی کے نتیجے میں جیش محمد سے تعلق رکھنے والے 130 سے 170 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔سٹنگر ایشیا نامی ویب سائٹ پر نیپال کی خاتون صحافی نے ایک آرٹیکل میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ایئر فورس نے بالا کوٹ میں رات کو ساڑھے تین بجے فضائی حملہ کیا جس کے بعد صبح 6 بجے شنکیاری سے پاکستانی آرمی کا دستہ مذکورہ مقام پر پہنچا۔ پاک فوج نے موقع پر پہنچتے ہی بھارتی فضائیہ کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو حرکت المجاہدین کے کیمپ میں منتقل کیا جہاں ان کا علاج پاک فوج کے ڈاکٹرز نے کیا۔فرانسسکا مارینو نے مقامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ 45 زخمی اب بھی حرکت المجاہدین کے کیمپ میں زیر علاج ہیں جبکہ 20 شدید زخمی افراد دوران علاج جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جو لوگ علاج کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں انہیں ابھی تک آرمی نے اپنی حراست میں رکھا ہوا ہے۔نیپالی صحافی نے دعویٰ کیا کہ حملے کے وقت موقع پر ہی جیش محمد کے کئی دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔ مجموعی طور پر اب تک بھارتی فضائیہ کے حملے میں 130 سے 170 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 11 ٹرینرز بھی شامل ہیں جو بم بنانے کے ماہر تھے، ان میں سے 2 کا تعلق افغانستان سے تھا۔ حملے میں ہلاک دہشتگردوں کے اہلخانہ کو خاموش کرانے کیلئے جیش محمد کے ایک وفد نے لواحقین سے ملاقاتیں کرکے انہیں بھاری مالی امداد فراہم کی۔فرانسسکا مارینو نے دعویٰ کیا ہے کہ 26 فروری کے حملے کے بعد جیش محمد کا تربیتی کیمپ تاحال پاک فوج کے زیر انتظام ہے ۔ کیمپ کی نگرانی کیلئے مجاہد بٹالین کا کیپٹن رینک کا افسر تعینات کیا گیا ہے۔ بعض مقامی لوگ آپس میں یہ باتیں بھی کرتے ہیں کہ انہوں نے حملے کے اگلے روز دریائے کنہار میں بہت سی گاڑیوں کو ملبہ گراتے ہوئے دیکھا ہے۔ جیش محمد کی لیڈر شپ کی طرف سے اپنے کارکنوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اس حملے کا صحیح وقت آنے پر بدلہ لیں گے۔
خیال رہے کہ رواں برس 26 فروری کو بھارتی میراج طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی تاہم پاک فضائیہ کے فوری جواب نے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارتی طیاروں نے دراندازی کی کوشش کی لیکن فوری رسپانس کے باعث وہ جابہ کے مقام پر اپنا پے لوڈ گرا کر فرار ہوگئے۔ بھارت کی جانب سے اسے سرجیکل سٹرائیک کا نام دیا جاتا ہے تاہم اس حوالے سے آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آتی رہیں کہ کارروائی کے دوران 350 دہشتگرد ہلاک ہوئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعداد کم ہوتی چلی گئی۔ اب نیپالی صحافی کے دعویٰ کے بعد بھارتی میڈیا ایک بار پھر اسے بھارتی فضائیہ کی کامیابی گنوانے کے چکر میں ہے حالانکہ پاکستان نے 27 فروری کو جس تندہی کے ساتھ جوابی کارروائی کی تھی اس کے ثبوت پوری دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھے تھے۔