نئی دہلی(سچ نیوز)معروف پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگی پابندی ہٹانے کی خواہش ظاہر کر دی ۔بھارتی میڈیا کو فون پر دئیے انٹرویو میں شفقت امانت علی نے کہا کہ فن پر پابندی عائد کرنا دونوں ممالک کی حکومت کیلئے بہت آسان راستہ ہے ورنہ دوسرے طریقوں سے ان کے درمیان ہونے والی تجارت پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ فن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو ٹارگٹ کرنا سب سے آسان ہے، سب جانتے ہیں کہ فنکار لڑ نہیں سکتے، تو بس ان پر ہی پابندی لگادو، ورنہ ابھی بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارت جاری ہے۔شفقت امانت علی کے مطابق اگر آپ ابھی بھی واہگہ بارڈر یا اٹاری بارڈر کا دورہ کریں، تو دونوں ممالک کے درمیان تجارے جاری ہے، لوگ اپنے ٹرک اور سامان کا انتظار کررہے ہوتے ہیں، اگر ہم یہ تجارت روک دیں، تو افراتفری پھیل جائے گی، اس لیے وہ جانتے ہیں کہ اگر ہم فنکاروں پر پابندی عائد کریں گے تو وہ صرف میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے آواز اٹھا پائیں گے اور اس سے کچھ نہیں ہوگا۔گلوکارشفقت امانت علی نے بتایا کہ ہمیں ہمیشہ بھارت میں اپنے کام پر لوگوں کا پیار اور سپورٹ ہی ملا ہے، مجھے انڈیا میں پرفارم کرنے کے دن یاد آتے ہیں اور میرا یہی خیال ہے کہ اب پابندی ہٹا دینی چاہیے۔