نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی ریلوے نے جنگلوں میں سے گزرنے والی پٹڑیوں پر شہد کی مکھیوں کی آواز نکالنے والے سپیکرز نصب کر رکھے ہیں اور محکمے کے اس اختراعی کام کی وجہ ایسی ہے کہ سن کر آپ بھی داد دیں گے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلویز نے یہ سپیکرز جنگلات کے ان علاقوں میں لگا رکھے ہیں جہاں ہاتھی رہتے ہیں۔ ہاتھیوں کے متعلق بہت سے لوگ جانتے ہوں گے کہ وہ شہد کی مکھیوں کی آواز سن کر بھاگ جاتے ہیں۔چنانچہ بھارتی ریلوے نے آسام اور دیگر ریاستوں میں یہ کام ہاتھیوں کو ریلوے کی پٹڑیوں سے دور رکھنے اور حادثات سے بچنے کے لیے کر رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سپیکرز نصب کرنے سے قبل ٹرینوں کے سامنے ہاتھی آنے سے گاہے حادثات پیش آتے رہتے تھے اور ہاتھیوں کی موت واقع ہو جاتی تھی، تاہم یہ کام کرنے کے بعد اب تک کوئی ایسا حادثہ رپورٹ نہیں ہوا۔ اس اختراعی کام پر نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلویز کو ایوارڈ اور 3لاکھ روپے کا انعام بھی دیا گیا ہے۔