نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں 30 سالہ بیٹے نے اپنی ماں کی بیماری سے تنگ آکر اسے قتل کردیا، قاتل کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی ماں کو نجات دلانے کے لیے یہ مذموم قدم اٹھایا۔بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پلغار میں بدبخت بیٹے نے اپنی 62 سالہ ماں کی مستقل بیماری سے تنگ آکر اس کی جان لے لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ 30 سالہ جے پرکاش نامی شخص نے اپنی ماں پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا، ماں اس وقت کچن میں مصروف تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔واقعے کے بعد چھوٹے بیٹے نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر قاتل بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ ماں کا مردہ جسم پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا۔پولیس کو دیے جانے والے بیان میں قاتل بیٹے نے بتایا کہ وہ اپنی ماں کی ہر وقت کی بیماریوں سے تنگ آگیا تھا اور اسے مکتی دلاناچاہتا تھا۔