ممبئی (سچ نیوز )بھارت میں جنرل الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور حکمران جماعت بی جے پی بڑے پیمانے پر مخالف جماعتوں کو پچھاڑتے ہوئے آگے دکھا ئی دے رہی ہے اور واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے تاہم کانگرنس کو اب تک صرف اتحادی جماعتوں کے بغیر 51 نشستیں ہی ملی ہے جبکہ بھارتی جنتہ پارٹی 295 سیٹوں پر کامیابی سمیٹے بیٹھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق معروف اداکار سنی دیول کی سوتیلی ماں اور دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی بھی بی جے پی کی جانب سے اتر پردیش کی سیٹ ” متھرا“ کی نشست سے الیکشن لڑ رہی ہیں جس کا غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق وہ کامیاب دکھائی دیتی ہیں کیونکہ وہ مخالف امیدوار سے بڑی لیڈ سے آگے چل رہی ہیں ۔ہیما مالنی 63.8 فیصد ووٹ حاصل کر چکی ہیں جبکہ ان کے مخالف امیدوار کنور نریندر سنگھ نے 31.2 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں ۔ ہیما مالنی ایک لاکھ 26 ہزار 642 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ کنور نریندر 61 ہزار 983 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر چل رہے ہیں ۔اس کے علاوہ اداکار سنی دیول گرداس پور کی سیٹ سے واضح لیڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر چلے ہیں اور ان کی جیت کے امکانات بھی روشن نظر آ ہے ہیں تاہم بھارتی الیکشن کا حتمی اور سرکاری نتیجہ آج شام یا کل صبح بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ دھرمیندر نے پہلی شادی پرکاش کور کے ساتھ کی تھی جن میں سے ان کے چار بچے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں جن میں سنی دیول ، بوبی دیول، ویجیتا اور اجیتا شامل ہیں تاہم دھرمیندر نے دوسری شادی ہیما مالنی سے کی جن میں سے ان کی دو بیٹیاں ہیں جن کے نام ایشا دیول اور آہانا دیول ہیں۔