کراچی (سچ نیوز) بھارتی گیڈر بھبکیوں کے بعد پاکستانی فنکارائیں بھی میدان میں آگئیں۔ معروف اداکارہ نور بخاری نے کہا ہے کہ بھارت ہمارے فنکاروں پر پابندی کیا لگائے گا ہمارے فنکار انڈیا میں خود بھی کام نہیں کرنا چاہتے۔ میں نے اپنے فنی سفر میں بھارت میں کام کیا ہے اور نہ ہی وہاں کام کرنے کی خواہش ہے ، ہمیں اپنے ملک نے اتنی عزت دی ہے ، اپنے ملک کی قدر کرنی چاہیئے۔ جنہوں نے بھارت کو اپنی شہرت کا پلیٹ فارم بنایا آج وہ انہی کے ہاتھوں ذلیل ہورہے ہیں۔روزنامہ 92 نیوز کے مطابق اداکارہ حیا سہگل کاکہنا تھا کہ بھارت ہمارا اور تو کچھ کر نہیں سکتا بس ہمارے چند فنکاروں کو ذلیل کر کے اور پابندی لگا کر وہ اپنا غصہ ٹھنڈا کرتا ہے۔ ایسے پاکستانی فنکاروں کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہئے جو بھارت میں کام کرنے کی تگ و دو میں لگے ہوتے ہیں۔ انڈیا پاکستان سے جنگ کرنے کا تو سوچے بھی نہیں ،ہم پاکستانی ایک غیرت مند قوم ہے اور ملکی استحکام کے لئے ہماری غیرت اور بھی بھڑک اٹھتی ہے۔ وزیر اعظم نے بھی دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ بھارت تو سوچ رہا ہے لیکن ہم سوچیں گے نہیں۔
معروف ڈرامہ رائٹر سیما غزل کا کہنا تھا کہ دنیا امن چاہتی ہے ، حیرت کی بات ہے کہ ایسے میں صرف الیکشن جیتنے کے لئے جنگ کرنا یا اس کی دھمکی دیناسمجھ سے بالاتر ہے ، مودی الیکشن جیتنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔سیکولرازم کا ڈھنڈورہ پیٹنے والوں کے کریہہ چہرے ہم فیس بک پر دیکھتے تھے کہ کبھی گائے کاٹنے کا ، کھانے کا الزام دے کر مارتے اور کبھی مسلمان سے زبردستی جے رام کی ،کا نعرہ لگا کر، سوچا یہ کچھ لوگ نفسیاتی ہوں گے مگر اب پتا چلا کہ نہیں سب نفسیاتی ہیں۔