نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی فوج کے ایک کلرک کو ہنی ٹریپ میں پھنس کر پاکستانی فوج کو حالیہ کشیدگی کے دوران اپنی فوج کی اہم معلومات فراہم کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی کے فوج کے 26 سالہ کلرک کو بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر ڈاکٹر امبیڈکر نگر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ کلرک مدھیہ پردیش میں بھارتی فوج کی انفنٹری بٹالین میں تعینات تھا اور آئی ایس آئی کی جانب سے بچھائے گئے ہنی ٹریپ میں پھنس کر حالیہ کشیدگی کے دوران فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے پاک فوج کو اہم معلومات فراہم کرتا رہا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نوجوان کلرک ایک پاکستانی خاتون کی اس فیس بک آئی ڈی کے چکر میں آگیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل صحافی ہے۔ کلرک نے فیس بک پر خاتون کے ساتھ چیٹ کرنا شروع کردی اور پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی نقل و حرکت کے بارے میں اسے بتاتا رہا۔ بعد میں کلرک نے اپنے ذرائع استعمال کرتے ہوئے مختلف مقامات سے بھارتی فوج کی لوکیشنز اور معلومات بھی پاکستان کو فراہم کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج گزشتہ 6 ماہ سے کلرک پر نظر رکھ رہی تھی اور اسے دو روز قبل گرفتار کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 کے مطابق گرفتار کلرک کی شناخت اویناش کمار کے نام سے ہوئی ہے جسے انسداد دہشتگردی سکواڈ نے گرفتار کیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر امبیڈکر نگر کو Mhow بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بھارتی فوج کا ملٹری ہیڈ کوارٹر آف وار (Mhwo) ہے اور اس جگہ پر بھارتی فوج کی ہر سرگرمی کی معلومات موجود ہوتی ہیں۔ گرفتار کلرک بھی ملٹری ہیڈ کوارٹر آف وار میں تعینات تھا۔