ممبئی (سچ نیوز) کچھ دن پہلے خبر سامنے آئی تھی کہ بالی ووڈ کامیڈین راجپال یادیو کو قرض واپس نہ کرنے اور دھوکا دینے کے الزام میں عدالت نے تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔اسی طرح 2 دن قبل ہی خبر آئی تھی کہ بالی ووڈ گلوکار میکا سنگھ کو متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایک نابالغ لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور نہیں ملازمت کے جھوٹے وعدے کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔اگرچہ میکا سنگھ کو بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ بالی ووڈ کی معروف فلموں ’پیڈ مین، ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا اور رستم‘ سمیت دیگر فلموں کو پروڈیوسر کرنے والی پروڈیوسر پریرنا اروڑا کو پولیس نے فراڈ کرنے پر گرفتار کرلیا۔شوبز ویب سائیٹ ’پنک ولا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پریرنا اروڑا کو انسداد اقتصادی جرم ونگ نے 16 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پریرنا اروڑا پر 16 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کا الزام کس نے لگایا اور انہیں کس کی فریاد پر گرفتار کیا گیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پریرنا اروڑا کو پیسوں کے معاملے میں فراڈ کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے، انہیں پہلے بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پریرنا اروڑا کو نہ صرف لوگوں کے ساتھ فراڈ کرنے کے معاملے پر ماضی میں گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ ان کے حوالے سے اس طرح کی متعدد خبریں بھی سامنے آتی رہتی ہیں کہ انہوں نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کردیا۔کچھ ماہ قبل ہی انہوں نے سارہ علی خان کی فلم ’کیدر ناتھ‘ کے ہدایت کار ابھیشک کپور کے ساتھ بھی اس بات پر جھگڑا کردیا تھا کہ انہوں نے فلم کا بجٹ اندازے سے کہیں زیادہ خرچ کردیا۔یہ اطلاعات بھی آئی تھیں کہ ممکنہ طور پر پریرنا اروڑا سارہ علی خان کی فلم کو پروڈیوس نہیں کریں گی۔
پریرنا اروڑا کری ارج انٹرٹینمنٹ نامی فلم پروڈکشن کمپنی چلاتی ہیں، اس کمپنی پر پہلے بھی 50 کروڑ روپے کے فراڈ کرنے جیسے سنگین الزامات لگ چکے ہیں۔ماضی میں پریرنا اروڑا پر اداکار جان ابراہم بھی مالی فراڈ کرنے کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔پریرنا نے فلم پروڈکشن کمپنی 2016 میں بنائی تھی اور اس کمپنی کے بینر تلے پہلی فلم اکشے کمار کی رستم ریلیز کی گئی تھی، رواں برس اس کمپنی کے حوالے سے کئی طرح کی خبریں سامنے آئیں، جن کے مطابق پریرنا اروڑا نے کئی سرمایہ کاروں سے فراڈ کیا۔