گوہاٹی (سچ نیوز)بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں ایک شاپنگ مال کے باہر ہونے والے دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گوہاٹی میں چڑیا گھر روڈ پر واقع ایک شاپنگ مال کے باہر گرنیڈ حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ رات کو 8 بجے کیا گیا جس میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں بھارت کی بارڈ سکیورٹی فورس ساشترا سیما بال کے 2 جوان بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو شہر کے تین مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت سخت تشویشناک ہے۔
ٹوئٹر@AbvpAssam
پولیس کمشنر دیپک کمار کے مطابق دو لوگ موٹر سائیکل پر آئے اور چڑیا گھر کے عقب میں واقع شاپنگ مال پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔حملے کی ذمہ داری یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (یو ایل ایف اے) کے اس دھڑے نے قبول کی ہے جس کی سربراہی پاریش بارواہ کر رہے ہیں۔بھارتی ٹی وی نیوز 18 کے مطابق حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم کو نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے حملے کے شبہے میں تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ زیر حراست ملزمان میں ایک ملزم پولیس افسر بھاسکر کلیتا کے قتل میں بھی شامل تھا۔ریاست آسام کے ڈائریکٹر جنرل پولیس کلدھر سیکیا کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حملہ آوروں کا اصل ہدف سکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی۔