چندی گڑھ(سچ نیوز) بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے بعد اب وزیراعظم عمران خان سے ہم زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف جیسا معقول شخص 30 برس میں نہیں دیکھا ان کے بعد عمران خان سے ہم زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چندی گڑھ میں فوجی لٹریچر میلے کے موقع پر جاسوسوں کی ذہانت سے متعلق سیشن سے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے سابق سربراہ ا امرجیت سنگھ دولت اور بھارتی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ نے خطاب کیا۔اس موقع پر اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ عمران خان کو وقت اور موقع دے کہ پاکستانی وزیراعظم اپنے ارادوں پر عمل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ہی پیشرفت کا واحد راستہ ہے، پاک بھارت خفیہ ایجنسیوں کے درمیان اداروں کی سطح پر انتظام ہونا چاہیے۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کونے میں نہ دھکیلیں، وہ جنوبی ایشیا میں چیزیں تبدیل کر سکتے ہیں۔