نئی دلی(سچ نیوز)کہتے ہیں کہ بعض گھڑیاں قبولیت کی ہوتی ہیں، یعنی جو منہ سے نکلتا ہے وہی انسان کا مقدر بن جاتا ہے۔ کچھ ایسی ہی حیرتناک مثال اس بھارتی خاتون پروفیسر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ہے، جنہوں نے کام کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہونے کی تمنا ظاہر کی اور پھر چند منٹ بعد ایک انٹرویو کے دوران اچانک اُن کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔
میل آن لائن کے مطابق پروفیسر ریتا جتندرا بھارتی ٹی وی کے پروگرام ’گڈ مارننگ جے اینڈ کے‘ میں شریک تھیں۔ وہ اپنی زندگی اور کیریئر کے بارے میں بات کررہی تھیں کہ اچانک ان کے الفاظ گلے میں ہی پھنس کر رہ گئے اور اگلے ہی لمحے وہ صوفے سے نیچے گرگئیں۔
پروگرام کے میزبان زاہد افتخار کا کہنا تھا ”وہ ہمیں اپنی زندگی کے دلچسپ واقعات کے بارے میں بتارہی تھیں او ربالکل نارمل نظر آرہی تھیں۔ اچانک ان کی آواز بند ہوگئی اور یوں محسوس ہوا جیسے وہ ہچکی لے رہی ہوں۔ ہم نے فوراً انٹرویو بند کیا اور انہیں ہسپتال لے کر گئے، جہاں ہمیں بتایا گیا کہ وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہارچکی تھیں۔“
سرینگر شہر میں پروفیسر ریتا کی میزبان حافظہ مظفر نے بتایا کہ جب وہ انٹرویو کے لئے جارہی تھیں تو راستے میں کہنے لگیں کہ وہ یونہی چلتے پھرتے اورکام کرتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوناچاہتی ہیں، مگر کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کچھ دیر بعد ہی ان کی یہ بات حرف بہ حرف پوری ہوجائے گی۔ ایس ایم ایس ایچ ہسپتال جموں کے ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔