ممبئی(سچ نیوز )ممبئی کے مغربی علاقے ملاڈ میں مائنڈ اسپیس کے قریب جھاڑیوں کے درمیان بیگ میں بند 20سالہ ماڈ ل گرل کی لاش برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی۔ بیگ ملنے کے 4گھنٹے کے اندر ہی بانگورنگر پولیس نے قتل کے الزام میں مانسی کے دوست مزمل سعید کو گرفتار کرلیا جو ملت نگر مغربی اندھیری کا رہائشی ہے۔پولیس نے بتایا کہ مرنیوالی ماڈل کا نام مانسی دیکشت ہے۔ وہ راجستھان کے ضلع کوٹا کی رہنے والی تھی ، گزشتہ 6ماہ سے مغربی اندھیری میں مقیم تھی اور ماڈلنگ کے پیشے سے وابستہ تھی۔زیر حراست مزمل نے بتایا کہ واقعہ کے روز مانسی سے فلیٹ میں جھگڑا ہوا اور طیش میں آکر لکڑی کا اسٹول اس کے سر پر دے مارا جس سے انجانے میں اس کی موت ہوگئی۔اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورلاش قبضے میں لے کر واقعہ کی چھان بین شروع کردی۔علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج میں ایک کار نظر آئی جس کے اندر ایک شخص بیٹھا ہوا تھا جس نے سڑک کے کنارے سوٹ کیس پھینکا تھا۔اسی بنیاد پر پولیس نے ملزم کی شناخت کرکے عمارت سے گرفتار کرلیا۔آج ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔پولیس نے سعید کیخلاف آئی پی سی کی دفعہ 302اور 201کے تحت کیس درج کرلیا اور مانسی کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی۔