نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج نے جہاں مودی سرکار کی نیندیں اڑا دی ہیں وہیں پرنوجوت سنگھ سدھو نے بھی انڈین وزیر اعظم نریندرا مودی کے تازہ زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے نتائج نے پورا گیم پلٹ دیا ہے، اب 2019 لوک سبھا الیکشن میں راہول گاندھی لال قلعہ پرجھنڈا لہرائیں گے ۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق سابق کرکٹر اور موجودہ سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی انتخابات میں شاندار کامیابی پر کانگریس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سچائی کی جنگ تھی، جس نے نہ صرف پورا گیم پلٹ دیا بلکہ ایسا انقلاب لاکرکھڑا کردیا ہے کہ ہرگلی محلے میں کانگریس کا کارکن پرجوش ہے،ریاستی انتخابات کے نتائج نے ایک ایسی بنیاد رکھ دی ہے کہ راہول بھائی آنے والے وقت میں لال قلعہ پرجھنڈا لہرائیں گے اور 2019 لوک سبھا الیکشن میں کانگریس پورے ہندوستان میں کامیابی حاصل کرے گی ۔واضح رہے کہ ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں مودی سرکار کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کانگریس نے 3 ریاستوں میں واضح برتری حاصل کر کے ناقدین کو حیران کر دیا ہے ۔