نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارت کی 5 بڑی ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پر نو منتخب ارکین اسمبلی اور کانگریس کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اب 2019 لوک سبھا الیکشن نہیں جیت سکے گی ،ہندوستان نریندرمودی کے کاموں سے خوش نہیں،وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کوپورا کرنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں،اس لئے انڈیا میں اب تبدیلی کا وقت ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ پانچ ریاستوں میں کانگریس کو ملنے والی کامیابی ہمارے اصولوں اورنظریے کی جیت ہے، یہ جیت کانگریس کارکنان اورکسانوں کی جیت ہے،ملک سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں وزیراعظم نریندر مودی ناکام ثابت ہوئے ہیں،ہندوستان جی ایس ٹی سے خوش نہیں ہے،نوٹ بندی ایک طرح کی بدعنوانی ہے،رافیل میں بڑی کرپشن ہوئی لیکن بدعنوانی کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو کام کرنے کا پورا وقت ملا لیکن وہ عوام کی امیدوں پرپورے نہیں اترسکے، بی جے پی 2019 لوک سبھا الیکشن نہیں جیت پائے گی، نریندر مودی بڑے مسائل پر کچھ نہیں کہتے۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ سماج وادی پارٹی اوربی ایس پی کا نظریہ ایک ہے،وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر کوئی اختلاف نہیں ،کانگریس میں سب ٹھیک چل رہا ہے۔نہوں نے تلنگانہ اورمیزورم میں جیتنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کی ۔واضح رہے کہ ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں نریندرا مودی کی جماعت بی جے پی کو کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے دن میں تارے دکھا دیئے ہیں ،تین ریاستوں میں کانگریس کے ہاتھوں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست کا سامنا ہے جبکہ دوسری 2 ریاستوں میں بھی مقامی جماعتوں نے کامیابی حاصل کر لی ہے ۔