ممبئی(سچ نیوز) بھارتی متنازع شو باگ باس سیزن 12 میں اداکارہ دپیکا کاکڑ نے مدمقابل سابق کرکٹر سری سانتھ کو مات دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق متنازع شو بگ باس سیزن 12 کے فائنل میں بہن بھائی کی جوڑی کے طور پر شریک ہونے والی دپیکا کاکڑ نے سابق بھارتی کرکٹر سری سانتھ کو ہرا کر ٹرافی اور 30 لاکھ روپے اپنے نام کرلیے۔ دپیکا نے اپنی ٹرافی بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے وصول کی۔بگ باس سیزن 12 میں 105 دن تک گھر میں ساتھ رہنے والے 17 کھلاڑیوں میں سے آخری رائونڈ میں پانچ کھلاڑیوں (سری سانتھ، کرن ویر بوہرا، دیپک ٹھاکر، رومل چوہدری اور دپیکا کاکڑ) کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔آخری رائونڈ میں شو کے میزبان سلمان خان نے سب سے پہلے کرن ویر بوہرہ اور پھر رومل چوہدری کو آئوٹ کیا تاہم تین رہ جانے والے کھلاڑیوں کو شو چھوڑ جانے کے لیے 20 لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی جس کا موقع دیپک ٹھاکر نے ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور رقم لے کر ٹاپ تھری سے پیچھے ہٹ گئے۔ آخرمیں یہ کانٹے دار مقابلہ دپیکا کاکڑ اور سری سانتھ کے درمیان رہا جوکہ نیہا کاکڑ نے جیت لیا۔دپیکا کاکڑ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی کامیابی پر بہت خوش ہوں،اس کامیابی پر میری کہی ہوئی بات درست ثابت ہوئی۔ میں نے کہا تھا کہ میں خود کو فائنل میں سری سانتھ کے ساتھ دیکھنا چاہتی ہوں اور یہی ہوا ہم دونوں کا یہ یادگار سفر بہت اچھا رہا۔ دپیکا کاکڑ نے کہا کہ جب گھر میں سب ہمارے مخالف تھے تب بھی ہم نے یہ کھیل تمام صلاحیتوں کے ساتھ کھیلا۔سابق کرکٹر سری سانتھ کے مداحوں کا کہنا تھا کہ بگ باس سیزن 12 کی ٹرافی سری سانتھ کے حصے میں ہی آئے گی جبکہ سری سانتھ کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ”سری سانتھ فار دی ون“ اور ”سری سانت فار دی وکٹری“ کے نام سے ہیش ٹیگ بھارت میں ٹرینڈ بنا رہا۔