سکھر(سچ نیوز)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے قائم مقام صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول کا ٹرین مارچ ’’ پاپا بچاؤ اور پھوپھو بچاؤ ٹرین مارچ‘‘کیا تھا، جس میں دودو سو روپے دے کر لوگ لائے گئے تھے،یہ کرپشن کارڈ تھا جو یہ کھیل چکے ہیں،نیا پاکستان بن گیا اب نیا سندھ بنے گا۔سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےحلیم عادل شیخ نے کہا کہ 120 ارب روپے تو کیا ان لوگوں نے 957 ارب روپے کی دس سال میں کرپشن کی ہے، آڈٹ جرنل نے بتایا کہ پانچ ہزار ارب سندھ کو ملے ہیں،جس میں سے انہوں نے9.7 بلین کی کرپشن کی ہے، 112 ارب روپے کا رونا روتے ہیں اس سال ان کے حصے سے زیادہ پیسے انہیں مل چکے ہیں، ان پیسوں میں سے اب تک پیپلزپارٹی نے صرف17 فیصد ہی خرچ کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں 23 سو بچے مر گئے، پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا، لیکن تحریک انصاف نے تھر میں دو لاکھ 75ہزارلوگوں کو انصاف کارڈ دیےہیں، انہوں نے کہا کہ میں دس سال سے سندھ میں موجود ہوں، پیپلزپارٹی نے اتنے وقت کے دوران مجھ پر یہ الزامات کیوں نہیں لگائے،اِنہوں نے’’ آنٹی کرپشن‘‘ میرے پیچھے چھوڑ رکھی ہے تاکہ میں اپنا منہ بند رکھوں لیکن میں ان کی کرپشن پر ہمیشہ بولتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ اب سندھ کے لوگوں نے بلاول بھٹو اور اس کے سندھ کارڈ کو رد کردیا ہے، بلاول بھٹو کا یہ کرپشن کارڈ تھا جو یہ لے چکے ہیں، سندھ کے لوگ اب زرداری کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں۔حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ گھوٹکی سندھ کا دوسرا پسماندہ علاقہ ہے ، وزیر اعظم کی گھوٹکی آمد گھوٹکی کے عوام کی خوشی اور خوشحالی کا پیغام ہے، اب تحریک انصاف سندھ کی ایک ایک یونین کونسل میں پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا، کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں ان کو ساتھ لے کر چلیں گے، انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی میں ایم کیو ایم لندن ختم ہوچکی ہے، اسی طرح سندھ میں اب پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔