لاہور: (سچ نیوز) وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ کیپٹل گین ٹیکس کو ختم نہیں کریں گے، اس کے ریٹ کو کم کریں گے۔ فکسڈ ٹیکس سکیم لوگوں کے لیے آسان ہوگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہے۔ ایکسپوٹر کے گیس اور بجلی کے مسئلے کو بھی حل کریں گے۔ آج ہماری وزیراعظم کے ساتھ بھی میٹنگ ہوئی جبکہ گزشتہ روز کی میٹنگ میں معیشت کے پورے روڈ میپ بارے بریفنگ دی۔
ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل ایک ماہ میں حل کریں گے جبکہ نیب تک بزنس مین کے تحفظات پہنچائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں بلا وجہ کسی کی دل آزاری نہ کی جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے ساتھ ساڑھے 5 گھنٹے تک ملاقات رہی۔ انہوں نے ہمیں کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کوئی آپ کو تنگ نہیں کرے گا۔