اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف رپورٹ نے حکومت کے پارلیمنٹ اور قوم سے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا کہ 500 ارب کے نئے ٹیکس لگائے لیکن آئی ایم ایف نے بتایا کہ 750 ارب کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ فاشسٹ حکومت 1600 ارب کا ریکارڈ ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر لاد رہی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 90 ارب روپے کے اضافی ٹیکس تنخواہ دار اور کاروباری افراد سے وصول کیے جائیں گے۔ نئے ٹیکسوں سے پراپرٹی ٹیکس کا بوجھ 45 ارب بڑھ جائے گا۔ نئے گھر تو نہیں بنیں گے، لوگ اپنے گھر بھی بیچنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے وعدے جھوٹ، دعوے جھوٹ، اعدادوشمار جھوٹ، مقدمات جھوٹ، حکومت نے پارلیمنٹ کی توہین اور استحقاق مجروح کرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی وجہ سے قوم اور ملک کی جیب خالی ہو رہی ہے۔ حکومتی وزرا اور ترجمانوں کو صرف جھوٹ بولنے پر ترقی دی جاتی ہے۔