لندن( سچ نیوز ) برطانیہ میں کم عمر بچیوں کو اپنے چنگل میں پھنسا کر منشیات پر لگانے اور جسم فروشی کرانے والے ایشیائی گینگ کے 7درندوں کو مجموعی طور پر ساڑھے 55سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ دی سن کے مطابق اس گینگ کے لوگ کم عمر لڑکیوں کو نشانہ بناتے تھے۔ ان کے چنگل میں پھنسنے والے اکثر لڑکیوں کی عمریں 13سے 14سال تھیں۔ یہ لوگ بچیوں کو دوستی کاجھانسہ دے کر بلاتے اور انہیں منشیات کا عادی بنا کر پہلے خود جنسی زیادتی کرتے اور پھر ان سے جسم فروشی بھی کرواتے اور منشیات بھی فروخت کرواتے تھے۔رپورٹ کے مطابق ایک لڑکی نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے ہولناک انکشاف کیا کہ اسے 13سال کی عمر میں اس گینگ کے ایک شخص نے دوستی اور تحائف کا لالچ دے کر پھنسایا تھا اور اگلے دو سال میں 15سال کی عمر تک درجنوں مردوں نے اس کے ساتھ 300سے زائد بار جنسی زیادتی کی۔ سزا پانے والوں میں 42سالہ گل ریاض، 34سالہ عثمان علی، 36سالہ عبدالماجد، 47سالہ بنارس حسین و دیگر شامل ہیں۔ پراسیکیوٹر کیٹ بیٹی نے عدالت میں بتایا کہ”یہ گینگ ایسی کمزور لڑکیوں کو نشانہ بناتا تھا جنہیں گھر میں توجہ حاصل نہیں ہوتی تھی، ان کے ماں باپ کی علیحدگی ہو چکی ہوتی تھی یا دیگر گھریلو مسائل کی وجہ سے وہ عدم توجہی کا شکار ہوتی تھیں اور آسانی سے ان کے چنگل میں پھنس جاتی تھیں۔“