لندن (سچ نیوز) برطانیہ میں ٹرالر بے قابو ہوکر مکان سے جا ٹکرایا ، ایک خاتون ہلاک جبکہ3 افراد حادثے میں زخمی ہو گئے، پولیس نے واقعے میں ملوث4 ادفراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے بریرلے میں پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک تیز رفتار ٹرالر مکان سے جا ٹکرایا ہے ، دریں اثناٹرالر کا تعاقب کرتی ہوئی پولیس پٹرولنگ پارٹی فوری موقع واردات پر پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق 2 افراد اس ٹرالر کو چرا کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے اور پولیس ان کا تعاقب کررہی تھی ، ملزمان گھبراہٹ میں رفتار پر قابو نہ رکھ سکے اور ٹرالر مکان کی دیوار تو ڑ کر اندر جا گھسا۔
پولیس کے مطابق سانحے میں ہلاک ہونے والی 50سالہ خاتون کا متاثرہ مکان سے کوئی تعلق نہیں تھا ، وہ ایک بد قسمت راہ گیر تھیں جو کہ غلط وقت پر غلط جگہ آگئی تھیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر3 افراد کے بارے میں پولیس نے کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔پولیس کاکہنا ہے کہ خاتون اور مکان سے ٹکرانے سے قبل ٹرالر 2 گاڑیوں سے بھی ٹکرا چکا تھا ۔ تاہم پولیس نے واقعے میں ملوث کل 4 افراد کو حراست میں لیا ہے ۔