لندن(سچ نیوز) بینک آف انگلینڈ نے دوسری جنگ عظیم میں اتحادی افواج کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدان اور جدید کمپیوٹر سائنس کے بانی ایلن ٹرنگ کی تصویر 50پاﺅنڈ کے نوٹ پر شائع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایلن ٹرنگ کی تصویر والا 50پاﺅنڈ کا نوٹ 2021ءمیں جاری کیا جائے گا۔ یہ انگلینڈ کا آخری نوٹ ہو گا جو کاغذ سے پولیمر پر منتقل کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایلن ٹرنگ نے دوسری جنگ عظیم میں جرمنی کی نازی فوج کے پیچیدہ کوڈ توڑے تھے اور ان کے اس کام سے اتحادی فوج کو نازی جرمنی کی فوج پر سبقت پانے میں بہت مدد ملی تھی۔ بینک آف انگلینڈ کے گورنر مارک کار نے گزشتہ دنوں ایلن ٹرنگ کے نام سے مانچسٹر میں ایک سائنس اینڈ انڈسٹری میوزیم کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کی تصویر کا حامل نوٹ چھاپنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ایک ہزار سائنسدانوں کے نام ہمارے سامنے تھے اور ان میں سے ہم نے ایلن ٹرنگ کا انتخاب کیا، کیونکہ ان کی خدمات ملک اور دنیا کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔ آج انٹرنیٹ جس مقام پر کھڑا ہے، اس میں ایلن ٹرنگ کا بنیادی کردار ہے۔ وہ ایسے ماہر ریاضی دان تھے جن کا کام آج بھی لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔“