لندن (سچ نیوز ) مشہور برطانوی ماڈل اور اداکارہ تمارا اکیلسٹون کے اربوں مالیت کے زیورات چوری ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے معروف فارمولا ون گروپ کے سابقہ چیف ایگزیکٹو برنی اکیلسٹون کی صاحبزادی و مقبول ماڈل تمارا اکیلسٹون کے دس ارب روپے مالیت کے زیورات چوری ہوگئے، ماڈل کو اس وقت بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی غیر موجودگی میں چور 10 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات چرا کر رفوچکر ہو گیا۔ماڈل کے ترجمان نے چوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم شخص کی جانب سے تمارا اکیلسٹون کے گھر پر چوری کی گئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 10 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی انگوٹھی، بالیاں اور بریسلیٹ چرا لیے گئے۔
ذرائع نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تمارا اکیلسٹون کے چوری شدہ زیوارات ان کے والد نے انہیں شادی کے موقع پر بطور تحفہ دیئے تھے، یہ چوری کی واردات محض 50 منٹ میں ہوئی اور اس دوران کی گئی کہ جب تمارا اکیلسٹون کرسمس کی چھٹیاں منانے کے لیے ملک سے باہر ہیں۔ معروف جریدے کے مطابق کین سنگٹن ہوم مہنگی ترین جگہ سمجھی جاتی ہے جہاں تمارا نے 55 کمروں پر مشتمل گھر 9 ارب روپے میں خریدا تھا۔ اس جگہ کو دنیا بھر کی امیر شخصیات کا مسکن کہا جاتا ہے جہاں برطانوی شہزادے پرنس ہیری کی فیملی بھی رہا کرتی ہے جب کہ دنیا کی مشہور ترین کمپنیز کے روح رواں بھی وہیں رہائش پذیر ہیں۔