ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ کیارا ایڈوانی نے اپنے اصل نام سے پردہ اُٹھا دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی فلم ’کبیر سنگھ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کیارا ایڈوانی نے اپنا فلمی نام رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ میرا اصل نام عالیہ ایڈوانی ہے لیکن 2014 میں ریلیز ہونے والی ڈیبیو فلم سے اب تک میرا نام کیارا ایڈوانی چلا آرہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق کیارا نے مزید بتایا کہ بالی ووڈ میں پہلے ہی عالیہ بھٹ موجود ہیں جوکہ ایک سپر اسٹار ہیں اس لئے میں عالیہ کے نام سے اپنی شناخت نہیں کرانا چاہتی تھی بلکہ اپنی خود کی ایک پہچان بنانا چاہتی تھی کیوں کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ یکساں ناموں کی وجہ سے شائقین شش و پنج کا شکار ہوں۔کیارا ایڈوانی نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنا نام ’کیارا فلم ’ انجانا انجانی‘ میں ‘ پریانکا چوپڑا کے نام ’کیارا‘ سے متاثر ہو کر رکھا ہے۔ فلم کے ایک سین میں پریانکا اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ہائے میں کیارا ہوں‘۔ وہ ڈائیلاگ دیکھ کر مجھے نام بہت پسند آیا۔ اگر میری کوئی بیٹی ہوتی تو میں اسے کیارا کے نام سے پکارتی لیکن اس سے قبل مجھے نام کی ضرورت تھی اس لئے میں نے اس نام کا انتخاب کیا جوکہ آج میری پہچان بن گیا ہے۔واضح رہے کہ سندیپ وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کبیر سنگھ‘ میں کیارا ایڈوانی نے شاہد کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ تاہم بہترین کہانی کی بدولت 70 کروڑ کے بجٹ سے تیار ہونے والی فلم اب تک ایک ماہ میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔