ممبئی(سچ نیوز) بھارتی ٹی وی کے متنازع رئیلیٹی شو بگ باس کی انتظامیہ نے بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ زائرہ وسیم سے سیزن 13 میں حصہ لینے کے لیے رابطہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹی وی کے متنازع رئیلیٹی ٹی وی شو بگ باس کی انتظامیہ نے دنگل گرل زائرہ وسیم سے شو میں حصہ لینے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرہ کو یہ پیشکش دلچسپ بھی لگی ہے لیکن انہوں نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ شوکا حصہ ہوں گی یا نہیں۔ایکسپریس کے مطابق بگ باس اپنے متنازع مواد اور فنکاروں کو شومیں بلاکر لڑائی جھگڑے کروانے کے لیے مشہور ہے۔ تاہم پچھلے کچھ سیزن سے بگ باس شائقین میں وہ توجہ حاصل نہیں کرپارہا جو اسے اپنے ابتدائی سیزن میں حاصل تھی اور اس وقت بالی ووڈ میں صرف زائرہ کے ہی چرچے ہیں جس کی وجہ سے شو کو اچھی ریٹنگ مل سکتی ہے،بگ باس سیزن 13 رواں سال ستمبر میں شروع ہورہا ہے اور اس بار شائقین کی توجہ بڑھانے کے لیے شو میں تھوڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے مطابق اس سیزن میں صرف مشہور شخصیات ہی شو کا حصہ بنیں گی۔واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے فیس بک پر اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بالی ووڈ چھوڑ رہی ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے وہ اپنے مذہب سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ زائرہ کے اس اعلان نے پورے بالی ووڈ میں ہلچل مچادی تھی، شوبز سے وابستہ کچھ فنکاروں نے ان کے فیصلے کو سراہاتھا جب کہ کچھ لوگوں نے ان کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔