ممبئی ( سچ نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ مودی سرکار پر سخت تنقید کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان پر بھی برس پڑے ۔عمران خان نے نصیر الدین شاہ کا نام لے کر بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال پر بیان دیا تھا ۔اس پر نصیر الدین شاہ نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کے معاملات پر ہی توجہ مرکوز رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں گزشتہ 70 برس سے جمہوریت کا راج ہے اور اس ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ اپنا خیال کیسے رکھنا ہے۔بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ مسٹر خان کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں ۔واضح رہے کہ چند روز قبل نصیر الدین شاہ نے مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں انسانوں سے زیادہ گائے کی قدر ہوتی ہے ،مجھے اپنے بچوں کے مستقبل کا خطرہ ہے کیونکہ یہاں حالات ٹھیک ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے ۔