نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں ایک شخص نے بازار میں 30روپے مانگنے پر وہیں کھڑے کھڑے بیوی کو طلاق دے دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 30سالہ زینب نامی خاتون نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ ”ہم راﺅ جی مارکیٹ میں موجود تھے جہاں میں نے سبزی خریدنے کے لیے اپنے شوہرصابر سے 30روپے مانگے، تو اس نے بلند آواز میں چیخ کر تین بار مجھے طلاق دے دی۔ اس کے ہاتھ میں ایک پیچ کس موجود تھا جو اس نے میرے سر پر دے مارا اور میرا سر پھٹ گیا۔“رپورٹ کے مطابق سرپھٹنے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے پولیس کو کال کی جو زینب کو ہسپتال لے کر گئی جہاں اس کی مرہم پٹی کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔ زینب کے مطابق اس موقع پر اس کی ساس نجو بھی ان کے ہمراہ تھی، جب صابر نے اسے طلاق دی تو نجو نے اس کے کانوں سے بالیاں بھی زبردستی اتارنے کی کوشش کی۔ تاہم زینب نے زیورات دینے سے انکار کر دیا، جس پر نجو اور اس کے بیٹے صابر نے زینب کو وہیں بازار میں تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق زینب اور صابر کی شادی کو 9سال ہو گئے تھے تاہم شروع سے ہی ان کا تعلق انتہائی ناخوشگوار تھا۔ دونوں کے چار بچے بھی ہو گئے تاہم اکثر ان میں جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس نے صابر کو گرفتار کرکے مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کر دیا ہے۔