بارسلونا (سچ نیوز ) بارسلونا میں عید میلادالنبی کے حوالے سے دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عاشقان رسول ﷺ نے ایک جلوس نکالا، اس موقع پر بارسلونا پیرالل سنٹر کی گلیاں اور فضائیں لبیک یا رسول اللہﷺ کی صداؤں سے گونجتی رہیں۔جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا تین چمنیوں والے پلاسے کے ہال میں پہنچا جہاں پر نماز ظہر ادا کی گئی ، نعت خواں حضرات نے آپ ﷺ پر عقیدت کے پھول نچھاور کئے، بعد ازاں محفل میلاد شریف میں مفتی صاحب نے رسالت مآبﷺ کی صفات بیان کیں اورکہا کہ اللہ تعالی نے آپﷺ کو رحمت العالمین بنا کر اس دنیا میں بھیجا، آپ ﷺکی آمد سے دنیا میں کفر کے بادل چھٹ گئے اور ہر طرف اجالا ہی اجالا ہو گیا،آپ ﷺ کا امتی ہونا ہمارے لئے اللہ تعالٰی کا اجر عظیم ہے،آپ ﷺ کی حیات طیبہ مینارہ نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔محفل میلاد کے آخر میں دعائے خیر کرائی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا ۔