نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی نیوی کے اہلکاروں کی ایک چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے 400ارب روپے سے زائد لاگت سے بنائی گئی ایٹمی آبدوز ناکارہ ہو گئی۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق آئی این ایس ایری ہنت (INS Arihant) نیوکلیئر میزائل آبدوز 2ارب 90کروڑ ڈالر کی لاگت سے تیار کی گئی تھی جو لانچ کیے جانے کے چند ماہ بعد ہی ناکارہ ہو گئی۔ ہوا یوں کہ جب یہ آبدوز بندرگاہ سے روانہ ہو رہی تھی تو نیوی کے اہلکار اس کا ایک بیرونی سوراخ بند کرنا بھول گئے۔
جب آبدوز پانی کے اندر گئی تو اس کے ’پروپلشن کمپارٹمنٹ‘ (Propulsion compartment)میں پانی بھر گیا اور آبدوز ناکارہ ہو گئی۔ جسے پھر بڑے جتن کرکے سمندر سے باہر نکالا گیا اور اب یہ ناکارہ کھڑی ہے۔ نیوی کے ذرائع نے اس آبدوز کی تباہی کو ’انسانی غلطی‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ آبدوز کے ناکارہ ہونے کا یہ واقعہ فروری 2017ءمیں پیش آیا جو اب جا کر منظرعام پر آیا ہے۔