نیویارک(سچ نیوز) ماضی میں جب وزیرخزانہ اسد عمر اپوزیشن میں ہوتے تھے تو تیل کی عالمی قیمتوں کا مقامی قیمتوں سے موازنہ کرتے اور حکومت سے قیمتیں آدھی سے زیادہ کم کرنے کا مطالبہ کرتے تھے لیکن اب تیل کی قیمتیں گرتے گرتے اتنی کم ہو چکی ہیں کہ جان کر پاکستانی اسد عمر کی طرف دیکھنے لگ جائیں گے۔ بلومبرگ کے مطابق گزشتہ ہفتے تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں ریکارڈ 11فیصد کمی ہوئی جو جنوری 2016ءکے بعد تیل کی قیمتوں میں اتنی ریکارڈ کمی پہلی بار ہوئی ہے۔اس کمی کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ میں فروری کے سودے 29سینٹ کمی کے ساتھ 45.59ڈالر فی بیرل پر طے ہوئے جبکہ برینٹ کروڈ آئل کے فروری کے سودے 53سینٹ کمی کے ساتھ 53.82ڈالر فی بیرل پر طے پائے۔ رواں ہفتے تیل کی قیمتوں میں 10.7فیصد کمی ہوئی اور اگر چند ہفتے پہلے سے دیکھا جائے تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ستمبر سے اب تک 35فیصد کمی ہو چکی ہے۔