انقرہ(سچ نیوز) ترکی میں پولیس نے ایک کار کو ناکے پر روکا اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایسی چیز برآمد ہو گئی کہ پولیس والوں کے منہ بھی حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے۔ rt.com کے مطابق اس کار میں ایسا مواد لیجایا جا رہا تھا جو ایٹمی ہتھیار بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ موادکیلفورنیم تھا جو18.1کلوگرام کی مقدار میں گاڑی سے برآمد ہوا۔ اس کی قیمت ایک اندازے کے مطابق 7کروڑ 20لاکھ ڈالر (تقریباً 11ارب 29کروڑ روپے) تھی۔رپورٹ کے مطابق یہ مواد ترکی کے شمال مغربی صوبے بولو (Bolu)میں ایک ناکے پر برآمد کیا گیا۔ ملزمان نے اسے ایک بیگ میں ڈال کر گاڑی کے گیئر کے نیچے چھپا رکھا تھا۔ گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا اور مواد کو ترکش اٹامک انرجی ایجنسی بھجوا دیا گیا جہاں اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ مواد ایٹمی ہتھیار بنانے اور ایٹمی توانائی ری ایکٹرز کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔