اسلام آباد: (سچ نیوز ) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بعض عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔ شہید ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل کی 90 فیصد تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔
وزیر مملکت شہریار آفریدی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا پر حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا شکوہ کیا۔ انہوں نے ایس پی طاہر داوڑ کے اہلخانہ کے لیے 5 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا بھی عندیہ دیا۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے لیکن کچھ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ریاست کے سامنے کھڑا ہو، قانون اور آئین کی حکمرانی کو یقینی بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔