تہران(سچ نیوز) ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ آراک ریکٹر کو بحال کرکے ہمیں جتنی ضرورت ہوگی اتنی مقدار میں یورینیئم افزود گی کریں گے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے سرکاری ٹیلی وژن پر عوام سے اپنے خطاب میں عالمی قوتوں کے اعتراض کے باوجود یورینیئم افزودگی کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آیت اللہ خامنہ ای نے عالمی قوتوں کو متنبہ کیا کہ اگر عالمی قوتوں نے ہمارے مطالبات نہ مانے اور امریکی پابندیوں پر احتجاج نہ کیا تو ایران اپنے آراک ریکٹر کو 7 جولائی کے بعد سے دوبارہ بحال کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران یورینیئم افزودگی کا عمل 7 جولائی کے بعد سے دوبارہ شروع کرے گا اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران اپنی ضرورت کو پورا کرنے کیلیے درکار مقدار حاصل نہ کرلے۔واضح رہے کہ ایران نے 2015 میں کیے گئے عالمی جوہری معاہدے کے تحت ااراک ریکٹر کو بند کردیا تھا اور اقتصادی پابندیاں ہٹانے کی شرط پر 300کلو گرام سے زائد یورینیئم افزودگی نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم امریکا کے گزشتہ برس معاہدے سے دستبردار ہونے پر ایران نے بھی معاہدے کی بعض شقوں پر عمل درآمد سے انکار کردیا تھا