تہران(سچ نیوز) ایران اور اسرائیل گاہے ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں اور دونوں میں کئی بار
شام میں تصادم کی سی صورتحال بھی سامنے آئی تاہم اب ایران نے اسرائیل کو فیصلہ کن جنگ کی دھمکی دے ڈالی ہے جس سے عالمی جنگ کا خطرہ سنگین تر ہو گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین سلیمی نے کہا ہے کہ ”اگر اسرائیل نے ایران پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو یہ فیصلہ کن جنگ ہو گی اور ہم اسرائیل کا وجود صفحہ¿ ہستی سے مٹا دیں گے۔“
گزشتہ دنوں اسرائیل کی طرف سے شام میں مبینہ طور پر ایک ایرانی فوجی اڈے پر بمباری کی گئی جس میں 11لوگ ہلاک ہو گئے۔ جنرل سلیمی کی طرف سے یہ بیان اس واقعے کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔اس واقعے پر اسرائیل کا کہنا تھا کہ ”اس اڈے سے اسرائیل کے ایک سیاحتی مقام پر میزائل فائر کیا گیا جس پر ہم اس انتقامی کارروائی پر مجبور ہوئے۔“اس کے جواب میں جنرل سلیمی کا کہنا تھا کہ ”اگر اسرائیل نے جنگ چھیڑی تو وہ خود اس کے خاتمے اور فلسطین کی آزادی پر منتج ہو گی۔“ دوسری طرف ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے بھی اسرائیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”اسرائیل کی طرف سے ایسے حملے علاقے کو خوفناک جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں اور ایران، شام اور حزب اللہ مل کر اسرائیل کے ساتھ نمٹنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔“