تہران(سچ نیوز)ایران کے وزیر مواصلات محمد جواد آذری جہرمی نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی صوبے بلوچستان کے 95% دیہات لینڈ لائن فون، موبائل فون اور انٹرنیٹ کنکشن سے خالی ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی وزیر نے مزید بتایا کہ اس سنی اکثریت صوبے میں سڑکوں کی مجموعی لمبائی 4700 کلومیٹر ہے۔ اس میں سے 1400 کلومیٹر سے زیادہ راستوں پر رابطے کی سہولت موجود نہیں لہذا یہاں پیش آنے والے کسی بھی ٹریفک حادثے کا اعلان نہیں ہو سکتا۔ایران کے دیگر سرحدی صوبوں مثلا کردوں اور عربوں کی طرح بلوچستان بھی محرومی اور کمزور انفرا اسٹرکچر کا شکار ہے۔گزشتہ ہفتے بلوچستان میں پانی کے ایک گڑھے میں چار لڑکیوں کے ڈوب جانے کی خبر نے بلوچی شہریوں کو چراغ پا کر دیا۔ یہ لڑکیاں گڑھے سے پینے کا پانی نکال کر اپنے گھروں کو لے جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔