تہران(سچ نیوز)ایرانی صدر حسن روحانی نےوزیر خارجہ جواد ظریف پر پابندی کو امریکا کی بچگانہ حرکت قرار دے دیا۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پر امریکا کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا بچگانہ رویے سے کام لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا روزانہ دعوے کررہا تھا کہ وہ غیر مشروط طور پر بات چیت کرنا چاہتا ہے لیکن پھر وزیر خارجہ پر پابندی عائد کردی۔ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا ہمارے وزیر خارجہ اور ان کے حالیہ انٹرویوز سے خوفزدہ ہے، یہ بالکل واضح ہے کہ ایک سفارت کار کے الفاظ اور نظریے سے وائٹ ہائوس کی بنیادیں ہل چکی ہیں۔حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن بہت بے یارو مددگار ہیں، وہ دانائی سے سوچنے اور عمل کرنے کی صلاحیت کھوچکے ہیں۔