تہران (سچ نیوز )ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ ہم خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کیلئے تیار ہیں ، یمن میں جنگ بند اورعوام کی مدد کی جائے ، خیر سگالی جذبے کے جواب میں خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جائے گا، اگر کوئی ملک سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلے کوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن کیلئے پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کو سراہتے ہیں، پاکستان اور ایران ہمسایہ اور دوست ممالک ہیں ، ہماری ملاقات کے دوران خطے کی صوتحال ، سیکیورٹی اور امن پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ، پاکستان اور ایران مل کر خطے کے استحکام کیلئے کام کر سکتے ہیں ، ہم یمن میں جنگ بندی کے خواہاں ہیں ، یمن میں فورا جنگ بند کی جائے اور عوام کی مدد کی جائے ۔ایرانی صدر نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کیلئے تیار ہیں ، پاکستان اور ایران سمجھتے ہیں کہ خطے کا امن مذاکرات سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ایران پر امریکی پابندیوں پر بھی بات چیت ہوئی ہے جبکہ ایرانی تیل برادر جہاز پر حملے سے متعلق تحفظات سے بھی آگاہ کیاہے ۔ ان کا کہناتھا کہ حالیہ واقعات خصوصا خلیج فارس اور دیگر معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے ۔ایرانی صدر کا کہناتھا کہ خیر سگالی جذبے کے جواب میں خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جائے گا ، پاکستان اور ایران سمجھتے ہیں کہ علاقائی مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں ، اگر کوئی ملک سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلے کوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں جوہری ڈیل سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔