ڈبلن( سچ نیوز ) مغربی دنیا میں اسلام اور مسلمانوں سے منافرت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب بعض معروف شخصیات بھی مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتی نظر آنے لگی ہیں۔ اب آئرلینڈ کی فضائی کمپنی ریان ایئر کے مالک مائیکل او لیئری نے بھی مسلمانوں کے خلاف ایک ایسا نفرت انگیز بیان دے دیا ہے کہ ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق 58سالہ مائیکل او لیئری نے کہا ہے کہ ”ایئرپورٹس پر مسلمان مردوں کی چیکنگ دوسروں کی نسبت زیادہ کڑی ہونی چاہیے تاکہ دہشت گردی کی وارداتوں کو روکا جا سکے۔“
مائیکل اولیئری کا کہنا تھا کہ ”دہشت گرد عام طور پر مسلمان مرد ہوتے ہیں چنانچہ مسلمان عورتوں اور بچوں کی معمول کی چیکنگ ہونی چاہیے جبکہ مسلمان مردوں کی کڑی چیکنگ کی جانی چاہیے۔جو مسلمان مرد اکیلا سفر کر رہا ہو، اس کی تو انتہائی سخت چیکنگ ہونی چاہیے، کیونکہ اکیلے مسلمان مرد ہی بم دھماکا کرتے ہیں۔ جو مسلمان مرد فیملی اور بچوں کے ساتھ سفر کر رہا ہو گا اس کے سب کو دھماکے سے اڑانے کے امکانات صفر ہوں گے۔ ایک یہی طریقہ ہے جس سے ہم دہشت گردی کو روک سکتے ہیں۔“مائیکل کے اس بیان کو دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں لیبرپارٹی کے رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا ہے کہ ”مائیکل کا یہ بیان نسل پرستی پر مبنی ہے۔ ایسے بیانات سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف منافرت رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔“