لاہور (سچ نیوز )لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ تشدد کیس میں عبوری ضمانت منظور کر لی ہے اور پولیس کو 5 اگست تک گرفتاری سے روک دیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق اداکار محسن حیدر لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد کی عدالت میں پیش ہوئے اور عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیاہے ۔ عدالت نے محسن عباس حیدر کی ضمانت 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی ہے ۔علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج نے تھانہ ڈیفنس سی پولیس سے اداکار کے تشدد کے معاملے کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 5 اگست تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر الزام لگانے کے بعد محسن عباس حیدر نے 21 جولائی کو ایک پریس کانفرنس میں خود پر لگے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا۔محسن عباس حیدر نے کہا تھا کہ وہ جو کچھ کہہ رہی ہیں وہ جھوٹ ہے، میں نے ان کو چھوا بھی نہیں، یہ ٹھیک ہے کہ ماضی میں غصے کے حوالے سے مجھے مسائل رہے ہیں مگر اب میں بدل چکا ہوں۔