لندن (سچ نیوز ) چین سے شروع ہونے والا کرونا وائرس ایشیا کے مختلف ممالک کے بعد اب یورپ بھی پہنچ چکا ہے جہاں اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ کرونا وائرس کے خدشے کے حوالے سے برطانوی حکومت کی ایک خفیہ رپورٹ منظر عام پر آئی ہے جس نے برطانیہ میں خوف کی لہر پیدا کردی ہے۔برطانوی اخبار دی سن کے مطابق برطانیہ حکومت کی افشاءہونے والی ایک خفیہ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں 5 کروڑ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں جو مجموعی آبادی کا 80 فیصد ہے، اس وائرس کو قابو پانے میں 3 مہینے کا عرصہ لگے گا اور اس دوران 5 لاکھ زندگی کی بازی ہار جائیں گے۔
خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں میں وہ افراد شامل ہوں گے جو پہلے ہی مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے کرونا وائرس کو پہلے Epidemic (وبا ) قرار دیا گیا تھا لیکن اب اس کو Pandemic قرار دے دیا گیا ہے۔ Epidemic کسی وبا کے ایک مخصوص علاقے میں پھیلاﺅ کو کہتے ہیں لیکن جب یہ کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لے تو اسے Pandemic قرار دیا جاتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ اس کی وجہ سے 3 ہزار لوگ زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کرونا وائرس نے یورپی ملک اٹلی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں اس کے 229 کیسز سامنے آچکے ہیں۔