’اگر میں تشدد کرتا تھا وہ اب بھی میری ماں سے ملنے کیوں جاتی ہے‘ شمعون عباسی نے حمائمہ ملک کے گھریلو تشدد کے الزام پر جواب دے دیا

’اگر میں تشدد کرتا تھا وہ اب بھی میری ماں سے ملنے کیوں جاتی ہے‘ شمعون عباسی نے حمائمہ ملک کے گھریلو تشدد کے الزام پر جواب دے دیا

کراچی (سچ نیوز) اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی نے اپنی سابق اہلیہ حمائمہ ملک کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کی تردید کی ہے۔شمعون عباسی نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ انہیں اس وقت دھچکا لگا جب ان کی سابق اہلیہ حمائمہ ملک کے اس سٹیٹس کو ، جس میں انہوں نے گھریلو تشدد کے بارے میں بات کی تھی ، ان کی طرف غلط طور پر منسوب کیا گیا۔ اداکار نے کہا کہ وہ اور حمائمہ شادی کے بعد بھی اچھے دوست ہیں، ’ وہ میری گرل فرینڈ نہیں بیوی تھی، وہ میرے نکاح میں تھی اس لیے میں اس کی اور اس کی اہلخانہ کی عزت کرتا تھا۔‘شمعون عباسی نے کہا کہ ان کی علیحدگی کو 5 سال ہوچکے ہیں اور ہر جوڑے کی طرح ان کی بھی کچھ باتیں تھیں، وہ بہت سی باتوں پر جھگڑا بھی کرتے تھے لیکن اس کامطلب یہ نہیں تھا کہ وہ ایک دوسرے کو نقصان پہنچائیں، ’ جب سے ہمارے درمیان علیحدگی ہوئی ہے میں ہمیشہ ہی سوچتا ہوں کہ شاید میں اس کے کیریئر کیلئے ٹھیک نہیں تھا ، میں نے ہمیشہ اس کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی اور یہ امید کی کہ اس کی شادی اس شخص کے ساتھ ہو جو اس کیلئے مجھ سے بہتر ہو۔‘شمعون عباسی نے حمائمہ ملک کی پوسٹ کے اس حصے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک اور رشتے میں 7 سال تک تشدد برداشت کرتی رہی ہیں۔ اداکار نے کہا کہ انہیں یہ بات سن کر بہت ہی برا لگا ، ہم دونوں کی شادی تین سال تک قائم رہی لیکن اس کے دوسرے ریلیشن شپ کے بارے میں مجھے علم نہیں ہے، مجھے یہ بتانے میں خوشی ہورہی ہے کہ ہم اب بھی ایک دوسرے سے بات کر رہے ہیں۔

شمعون عباسی کے مطابق حمائمہ ملک کی اب بھی ان کے بہن بھائیوں کے ساتھ اچھی دوستی ہے اور وہ اکثر ان کی ماں سے ملنے بھی جاتی ہیں۔ 2 مہینے پہلے ہی حمائمہ نے شمعون کو فون کرکے ایک فلم پر اکٹھے کام کرنے کا کہا تھا لیکن ٹائم نہ ہونے کے باعث انہوں نے یہ پراجیکٹ اگلے سال پر چھوڑ دیا۔شمعون عباسی نے اپنی پوسٹ پڑھنے والوں سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اس پر حمائمہ ملک کے خلاف کوئی تبصرہ نہ کریں کیونکہ انہوں نے سوشل میڈیا جنگ شروع کرنے کے ارادے سے یہ پوسٹ نہیں کی بلکہ دوستانہ ماحول میں اپنی صفائی پیش کی ہے۔خیال رہے کہ کچھ روز پہلے اداکارہ حمائمہ ملک نے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تین سالہ شادی شدہ زندگی کے دوران انہیں اس قدر تشدد برداشت کرنا پڑا کہ کئی بار تو وہ موت کے منہ میں بھی چلی گئی تھیں۔ انہوں نے شادی کے بعد ایک اور رشتے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا یہ رشتہ 7 سال قائم رہا اور اس میں بھی انہیں اسی قسم کے تجربے سے گزرنا پڑا تھا۔

Exit mobile version