ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں پتنگ بازی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کی چھوٹی بیٹی چرخی تھامے کھڑی ہے۔ دوسری جانب زندہ دلان لاہور گزشتہ کئی سال سے پتنگ اڑانے کو بے تاب ہیں۔
بسنت ایک ایسا تہوار تھا جس کے ذریعے نہ صرف لوگوں کو سستی تفریح کا ذریعہ میسر آتا تھا بلکہ بیرون ممالک سے آنے والی سیاحوں کی بڑی تعداد کثیر زر مبادلہ دے کر جاتی تھی ۔ بسنت کے تہوار کا اہم ترین حصہ پتنگ بازی تھا جو ایک عرصہ تک تفریح کا ذریعہ رہا لیکن جب اس کام میں انا پرستی اور مقابلے بازی داخل ہوئی تو طرح طرح کی ڈور تیار کی جانے لگی جو لوگوں کے گلے کاٹنے کا کام کرنے لگی۔ اب صورتحال یہ ہے کہ کیمیکل لگی یا دھاتی ڈور کے باعث نہ صرف پتنگ بازی پر پابندی لگ چکی ہے بلکہ بسنت کا تہوار بھی ختم ہوچکا ہے۔ زندہ دلان لاہور ہر سال اس تہوار کا انتظار کرتے رہ جاتے ہیں لیکن حکومت انہیں بسنت منانے کی اجازت نہیں دیتی۔دوسری جانب بھارت کے لوگ شاید پتنگ بازی کو قاتل کھیل نہیں بناپائے اسی لیے آج بھی وہاں آسمانوں پر رنگ برنگی پتنگیں اڑتی نظر آتی ہیں۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے پتنگ بازی کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اکشے کمار اپنی بیٹی کے ساتھ پتنگ بازی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔