اسلام آباد: (سچ نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ اپوزیشن والے اپنی جائیدادیں بچانے کے لیے ایک ہوئے ہیں، حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی، کرپشن کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دباؤ میں آئے بغیر کرپشن کے خلاف آخری حد تک جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا اپوزیشن والے لوگ سیاستدان نہیں، قوم کے مجرم ہیں، مجرموں کے خلاف اتنے ثبوت موجود ہیں کہ وہ بچ نہیں سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا موجودہ اپوزیشن حقیقی اپوزیشن نہیں، حزب اختلاف والے اپنی جائیدادیں بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، شہباز شریف بھی نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔
عمران خان نے کہا عام آدمی پر پہلے ہی بہت بوجھ ڈال چکے، مزید نہیں ڈالنا چاہتے، حکومت چھ ماہ میں معاشی معاملات درست کر لے گی۔