اسلام آباد (سچ نیوز) اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ڈٹ گئیں ، اسلام آباد میں ارکان سینیٹ اور قائدین نے میدان سجالیا، اپوزیشن ارکان نے صادق سنجرانی کو ہٹانے اور حاصل بزنجو کو لانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کی جانب سے اپنے ارکان سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں نے ارکان سینیٹ کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ آپ کو خوفزدہ کیا جائے گالیکن وفاداریاں تبدیل نہ کریں۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹ ارکان سے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے متعلق اپوزیشن کے فیصلے کو سراہتا ہوں، حاصل بزنجو کو نامزد کرکے ایک بار پھر چھوٹے صوبے کو موقع دیا جا رہا ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا وقار قومی اسمبلی میں نظر نہیں آتا، سینیٹ میں پارلیمان کا وقار بحال کریں گے اور حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ منتخب کروائیں گے۔ دباؤ ہوتا ہے لیکن آپ نے جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، سینیٹ میں ہم حکومت کامقابلہ کریں گے۔جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، سینیٹ میں اپوزیشن کو بھاری اکثریت حاصل ہے، ارکان کا جمہوری حق ہے کہ وہ کس کو چیئرمین نامزد کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ ارکان کو کروڑوں روپے کا لالچ دیا جائے گا لیکن امید ہے کہ تمام ارکان اعتماد پر پورا اتریں گے کیونکہ وفاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔