اسلام آباد(سچ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاکہ ہم اپنا سر کٹوالیں گے لیکن کوئی بیرونی ڈکٹیشن نہیں لیں گے، اب پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندر ہونگے اور اب کوئی ڈومور نہیں کہہ سکتا۔کنونشن سینیٹر اسلام آباد میں چوتھی عالمی ’’پیغام اسلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیں گے، جو کوئی ختم نبوتﷺ ،مسجد ومدارس کے خلاف بولے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد ومدارس ریاست کی ذمہ داری ہے ،ہم نے انہیں عزت دینی ہے، علماء کرام وارث انبیاء ہیں جبکہ ہم علماء کرام کے پاؤں کی خاک کے برابر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری دنیا نے امت مسلمہ پر نظر رکھی ہوئی ہے، ہمارے سوچ پر لوگ پی ایچ ڈی کررہے ہیں،پھر وہ اپنی سوچ ہم پر مسلط کرتے ہیں، اب یہ نہیں ہوگا کہ ریاست کسی بیرونی ڈکٹیشن پر چلے، اب پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندرہونگے ۔
پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر واٹر ریسورسز فیصل واوڈا نے حافظ طاہر محمود اشرفی کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ اپ ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں، ہم سب سے پہلے اپنے ایمان اور دین کا تحفظ کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے علماء مساجد اور مدارس کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے مدارس اور علماء کا تحفظ کرے گی، ہم حکومت میں آئے ہی اس لئے ہیں کہ اپنی مساجد و مدارس کا تحفظ کریں،میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم نصاب کی بات صرف مدارس کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے کرتے ہیں، ہم آپکے پاس آتے رہیں گے اور تعلیم بھی لیتے رہیں گے۔