اسلام آباد: (سچ نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے پریشانیاں بڑھنے لگی ہیں، الیکشن کمیشن نے آصف زرداری کیخلاف تحریک انصاف کا ریفرنس ابتدائی سماعت کیلئے منظورکر لیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان نے تحریک انصاف کی درخواست پر کمیشن اراکین سے مشاورت کی۔ جس کے بعد سابق صدر کے خلاف ریفرنس کو آئندہ چند روز میں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ابتدائی سماعت میں آصف زرداری کو نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ صرف درخواست گزار خرم شیرزمان کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خرم شیرزمان نے امریکی اپارٹمنٹ چھپانے پر آصف زرداری کی نااہلی کی استدعا کی تھی۔